منگلورو، 17 / ستمبر (ایس او نیوز) ہر سال کی طرح امسال بھی 12 ربیع الاول کے موقع پر پیر 16 ستمبر کو ساحلی کرناٹکا بالخصوص ضلع دکشن کنڑا، اُڈپی اور اُترکنڑا کے مختلف مقامات پر جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم روایتی شان و شوکت کے ساتھ منایا گیا ۔
میلاد النبی کے جلوس میں دف بجاتے اور حمد و نعتیں گاتے ہوئے بچے ، نوجوان اور بوڑھے سبھی شریک رہے ۔ مدرسوں اور مساجد میں صبح کے وقت مولود کی خصوصی مجالس منعقد کی گئیں ۔ پرچم کشائی کی گئی ۔ دن اور رات میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کی تعلیمات اور سیرت کا پیغام عام کرنے کے مقصد سے جلسے منعقد کیے گئے ۔ جلوس میں شریک طلبہ میں مٹھائیاں تقسیم کی گئی ۔ مدارس اور مساجد میں عام طعام کا انتظام کیا گیا ۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق کئی مقامات پر مسلمانوں اور غیر مسلموں میں بھائی چارگی اور ہم آہنگی فروغ دینے کے مقصد سے پروگرام بھی منعقد کیے گئے۔